مہر خبررساں ایجنسی نے عالمی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ تائیوان میں 7 اعشاریہ 2 شدت زلزلے کے بعد کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، ۔ زلزلہ تائیوان کے مشرقی ساحل کے قریب آیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق تائیوان کے مشرقی ساحلی علاقے میں آنے والے زلزلے کی گہرائی 15.5 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
زلزلے کے جھٹکے چین کے صوبے فوجیان اور شنگھائی شہر میں بھی محسوس کیے گئے، تائیوان میں زلزلے کے بعد جاپان اور فلپائن میں جاری سونامی کی وارننگ واپس لے لی گئی۔
شدید زلزلے کی وجہ سے تائیوان کے دارالحکومت تائپے کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، املاک کو شدید نقصان پہنچا، زلزلے کے بعد کئی عمارتیں گرگئیں جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 800 سے زائد زخمی اور 50 لاپتا ہیں۔
رپورٹ کے مطابق لاپتا ہونے والے افراد 4 منی بسوں میں سوار تھے جو نیشنل پارک کے ہوٹل جا رہے تھے، زلزلے سے ائیربیس میں کھڑے 6 ایف سولہ طیاروں کو معمولی نقصان پہنچا۔
زلزلے کے بعد ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، کئی افراد کا ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق زلزلہ 25 سال بعد آنے والا سب سے بڑا زلزلہ ہے، تائیوان میں اس سے پہلے 1999 میں 7.6 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں میں 2400 افراد ہلاک اور 50 ہزار عمارتیں تباہ ہوئی تھیں۔
آپ کا تبصرہ